بنگلورو،13؍جون(ایس او نیوز) میٹرو ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد کو دیکھ کر آنے والے دنوں میں ٹرینوں کی تعداد بڑھا دی جائے گی اور آمد ورفت کا وقفہ گھٹایا جائے گا۔ یہ بات آج وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے بتائی۔ اسمبلی میں بی جے پی رکن سریش کمار کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں میٹرو ریل ہر چھ منٹ میں ایک ٹرین دوڑ رہی تھی، اس وقفہ کو کم کرکے اب تین سے چار منٹ فی ٹرین کیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں مسافروں کی تعداد کی بنیاد پر وقفہ کو اور بھی گھٹایا جائے گا۔راجدھانی دہلی میں جس طرح ہر دو منٹ میں ایک میٹرو ٹرین دوڑتی ہے، ریاست میں بھی اسی طرح کی سہولت قائم کرنے کیلئے حفاظتی تدابیر اپنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ فی الوقت ہر میٹرو ٹرین میں تین بوگیاں لگائی گئی ہیں، ان میں اضافہ کرنے کے بارے میں فیصلہ آنے والے دنوں میں لیا جائے گا۔ بنگلورمیں فی الوقت 50 میٹرو ٹرین دوڑ رہی ہیں ، ان میں مزید بوگیاں جوڑنے کیلئے بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن نے 150 بوگیاں تیار کرنے بی ای ایل کو آرڈردیا ہے۔دسمبر 2017 تک بی ای ایل اے بوگیاں فراہم کردے گی۔ انہوں نے کہاکہ میٹروریل کے پہلے مرحلے پر مشتمل 42 کلومیٹر کی لائن کا افتتاح 17 جون کو ہونے جارہا ہے۔ دوسرے مرحلے اور 2A مرحلے پر کام تیزی سے آگے بڑھایا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں میٹرو ٹرین خدمات کے نظام کو خسارہ سے کسی طرح کا خطرہ لاحق نہ ہو اس کیلئے پہلے ہی طے شدہ معیارات کے مطابق ٹکٹ کی رقم کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل وزیر اعلیٰ سدرامیا بنگلور میٹرو ریل پراجکٹ کے پہلے مرحلے کا بذات خود جائزہ لیں گے۔